اسلام آباد: پاکستانی اداکارہ نمرہ خان ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں اور انہوں نے اپنی شادی کی خوشی مداحوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کر دی ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر پیرس میں کیے گئے اپنے اسپیشل فوٹو شوٹ کی تصاویر پوسٹ کیں، جن میں وہ گلابی رنگ کے خوبصورت مغربی طرز کے گاؤن میں نظر آئیں۔ ابتدائی تصاویر میں انہوں نے اپنے شوہر کا چہرہ ظاہر نہیں کیا تھا۔
بعد ازاں نمرہ خان نے اپنے نکاح کی تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں ان کے دلہا واضح طور پر دکھائی دیتے ہیں۔ نکاح کے موقع پر اداکارہ نے سنہرے کڑھائی والے سفید روایتی لباس کا انتخاب کیا جبکہ ان کے شوہر سفید شلوار قمیض اور سنہری کڑھائی والے کوٹ میں نظر آئے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں کیک کی ایک تصویر بھی شیئر کی، جس پر جہاز اور پائلٹ کے ساتھ دلہن کو دکھایا گیا تھا، جس سے ان کے شوہر کے پیشے کا بھی اشارہ ملا۔
نمرہ خان نے بتایا کہ ان کے شوہر پیشے کے اعتبار سے کیپٹن اور پائلٹ ہیں، تاہم انہوں نے ان کا نام ظاہر نہیں کیا۔
واضح رہے کہ یہ نمرہ خان کی دوسری شادی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2020 میں راجہ افتخار سے شادی کی تھی، جو چند ماہ بعد اختتام پذیر ہوگئی تھی۔