لندن: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم شفاف طریقے سے کی جائے گی اور اس کا مقصد میثاق جمہوریت پر عملدرآمد کرنا ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم پر پارلیمنٹ میں بحث کی جائے گی، اور اس ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ "ہم آئینی ترمیم کے ذریعے مضبوط دفاع کے لیے تبدیلیاں لائیں گے، اور مضبوط عدلیہ، مضبوط دفاع اور مضبوط جمہوریت ہماری خواہش ہے۔"
احسن اقبال نے مزید کہا کہ جمعہ کے روز ستائیسویں آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آ جائے گا اور اس میں کوئی ایسی ترمیم شامل نہیں کی جائے گی جو آئین کی بنیاد کو کمزور کرے۔ وزیر نے اپوزیشن سے درخواست کی کہ وہ آئینی ترمیم پر پاکستان کی مضبوطی کے لیے اپنی تجاویز پیش کرے۔
اس موقع پر احسن اقبال نے نیو یارک کے نو منتخب میئر زہران ممدانی کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ ممدانی نے سیاست میں نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممدانی کی فتح امریکی جمہوریت کا حقیقی حسن ہے۔