Get Alerts

فضل الرحمان سے محمود خان اچکزئی و دیگر کی ملاقات،27ویں آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال

فضل الرحمان سے محمود خان اچکزئی و دیگر کی ملاقات،27ویں آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: اپوزیشن کی اہم سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے  جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات کی، جس میں 27ویں آئینی ترمیم پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں محمود خان اچکزئی کی قیادت میں اسد قیصر، علامہ راجہ ناصر عباس اور دیگر اپوزیشن رہنما شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات کا مقصد اپوزیشن اتحاد کو مزید مستحکم کرنا تھا، تاکہ آئینی ترمیم کے حوالے سے پارلیمنٹ میں موثر موقف اپنایا جا سکے۔ ملاقات میں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس، سابق وفاقی وزیر اسعد محمود، اور جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری بھی شریک تھے۔

سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں نہ صرف آئینی ترمیم بلکہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور اپوزیشن جماعتوں کے کردار پر تفصیل سے مشاورت کی گئی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اس ملاقات کو موجودہ سیاسی ماحول میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان رابطے بڑھنے کے باعث قومی سطح پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔

ٹیگز: