لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیرآباد اور میانوالی کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات میں کہا ہے کہ صوبے کے عوام کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے اور وہ انتشار پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گی۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے خصوصی پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا اور پارلیمنٹرینز نے ان کے ترقیاتی منصوبوں کو سراہا، خصوصاً گرین بس پراجیکٹ اور ستھرا پنجاب پراجیکٹ کا ذکر کیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعلیٰ کے ای بز پورٹل کے آغاز اور نجی املاک پر ناجائز قبضے ختم کرانے کے تاریخی اقدامات کو بھی شاباش دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ "عوام کی خدمت ہی مسلم لیگ (ن) اور قائد محمد نواز شریف کا منشور ہے، اور ہم ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے۔" انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پہلی بار 30 لاکھ افراد کو 10 ہزار روپے کا پے آرڈر ان کی دہلیز تک پہنچایا گیا اور 15 لاکھ افراد کو راشن کارڈ کے ذریعے تین ہزار روپے ماہانہ مل رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کے کسانوں کو مایوس نہیں ہونے دیں گے اور مستقبل میں عوام کے لیے بڑے ترقیاتی پراجیکٹس لائیں گے۔
پارلیمنٹرینز نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت اور شفافیت کی پالیسیوں کی تعریف کی اور کہا کہ "وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہمیشہ وعدے نبھائے ہیں، ان کے بے مثال ترقیاتی منصوبوں نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔" میانوالی اور وزیرآباد میں گرین بس پراجیکٹ کے آغاز نے اس بات کو ثابت کیا کہ مریم نواز کی قیادت میں صوبے میں مساوی ترقی کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور عوام کی خدمت کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔