اسلام آباد :وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بتایا ہے کہ پاک افغان سرحد پر چمن کے مقام پر فائربندی کی خلاف ورزی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ وزارت کے مطابق، افغانستان کی جانب سے بعض عناصر نے پاکستانی پوسٹوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی، جس کے جواب میں پاکستانی سکیورٹی فورسز نے فوری، مؤثر اور ذمہ دارانہ ردعمل دیا۔
وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان افغان حکام کے اُس مؤقف کو مسترد کرتا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ فائرنگ کا آغاز پاکستان نے کیا۔ حکام کے مطابق، فائرنگ کا آغاز افغانستان کی طرف سے ہوا اور پاکستانی فورسز نے حالات کو قابو میں رکھتے ہوئے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا۔
ترجمان وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ جنگ بندی بدستور برقرار ہے اور پاکستان امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ پاکستان کو توقع ہے کہ افغان حکام بھی سرحدی نظم و ضبط اور تعاون کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔