ورلڈکپ ،نیدر لینڈ کو 81 رنز سے شکست دے کر پاکستان نے فتح سے آغاز کردیا 

ورلڈکپ ،نیدر لینڈ کو 81 رنز سے شکست دے کر پاکستان نے فتح سے آغاز کردیا 

احمدآباد :ورلڈکپ  کے میچ میں نیدر لینڈ کو 81 رنز سے شکست دے کر پاکستان نے فتح سے آغاز کردیا  ہے۔ ورلڈ کپ 2023ء کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ کا آغاز فتح سے کردیا۔
نیدر لینڈز کی ٹیم 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں  205 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔  یوں قومی ٹیم نے پہلے میچ میں 81 رنز سے فتح اپنے نام کرلی۔

بھارتی شہر حیدر آباد دکن میں کھیلے جارہے میچ میں نیدرلینڈز نے پاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
گرین شرٹس نے سعود شکیل اور محمد رضوان کی نصف سنچریوں، شاداب خان اور محمد نواز کی ذمے دارانہ شراکت کی بدولت 49 اوورز میں 287 رنز بنائے۔

 گرین شرٹس کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کی شروعات کی، آؤٹ آف فارم فخر زمان نے 15 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 12 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی دوسری وکٹ کپتان بابر اعظم کی گری، جو 34 کے مجموعے پر صرف 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، صرف 4 رنز بعد ہی دوسرے اوپنر امام الحق 15 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔ایسے وقت میں پاکستان کی ابتدائی3 وکٹیں صرف 38 پر گر جانے کے بعد میچ پر نیدرلینڈز کی گرفت مضبوط ہوگئی، ایسے میں محمد رضوان اور سعود شکیل نے ذمے دارانہ بیٹنگ کی۔


دونوں کھلاڑیوں نے نیدرلینڈز کی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 114 گیندوں پر 120 رنز کی شراکت قائم کی اور میچ میں پاکستان کو مستحکم پوزیشن پر لے آئے۔29 ویں اوور کی پہلی گیند پر سعود شکیل 68 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ان کی اننگز میں 1 چھکا اور 9 چوکے شامل تھے، یوں پاکستان کی چوتھی وکٹ 158 کے سکور پر گری۔


گرین شرٹس کی 5ویں وکٹ 182 کے سکور پر گری، اس بار محمد رضوان 68 رنز بناکر بولڈ ہوگئے، انہوں نے اننگز کے دوران 8 چوکے لگائے، اسی اوور میں افتخار احمد 9 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے، اس طرح قومی ٹیم کے 6 بیٹر صرف 188 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ساتویں وکٹ پر محمد نواز اور شاداب خان نے مجموعی اسکور میں 64 رنز کا اضافہ کیا، شاداب خان اس موقع پر 32 رنز بناکر بولڈ ہوگئے، اسی اوور کی اگلی گیند پر حسن علی بغیر کوئی رنز بنائے میدان چھوڑ گئے۔


پاکستان کی 9 ویں وکٹ 267 کے سکور پر گری، محمد نواز 39 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے جبکہ 10ویں آؤٹ ہونے والے بیٹر حارث رؤف تھے جو 16 رنز بناکر سٹمپ آؤٹ ہوئے یوں پوری ٹیم 286 رنز پرآئوٹ ہوگئی۔شاہین شاہ آفریدی 13 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، نیدرلینڈز کے باس ڈی لیڈز نے 4، کولن ایکرمن نے 2، وین بیک، پال وین می کرین اور آرین دت نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔


ٹارگٹ  کے تعاقب میں نیدرلینڈز نے بیٹنگ شروع کی تو اس کی پہلی وکٹ میکس او ڈاؤڈ کی گری، جو صرف 5 رنز بناکر حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے۔پاکستان کو دوسری کامیابی 50 کے سکور پر ملی، افتخار احمد نے کولن ایکرمن کو 17 کے انفرادی سکور پر بولڈ کردیا۔اس کے بعد نیدرلینڈز کے اوپنر وکرم جیت سنگھ نے آج کے میچ میں 4 وکٹ لینے والے بیس ڈی لیڈز کے ساتھ مل کر 70 رنز کی شراکت قائم کی اور سکور 120 رنز تک پہنچا دیا۔


اس دوران وکرم جیت سنگھ نے اپنی نصف سنچری مکمل کی انہیں شاداب خان نے پویلین کی راہ دکھائی، نیدرلینڈز کے اوپنر نے 52 رنز کے اننگز کے دوران 1 چھکا اور 4 چوکے لگائے۔حارث رؤف نے ایک ہی اوور میں پہلے تیجا ندامانورو کو 5 رنز پر جبکہ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز کو صفر پر میدان بدر کیا اور میچ پر گرین شرٹس کی گرفت مضبوط کردی۔نیدرلینڈز کی چھٹی وکٹ 158 کے سکور  پر گری، ثاقب ذوالفقار 10 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔


نیدر لینڈ کے رولوف وین ڈیر مرو نے 10،آریان دت نے ایک، پال وین میکیرن نے  سات، لوگن وین بیک نے 28 سکور بنائے۔ پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے ایک، حسن علی نے دو،حارث رئوف نے تین، افتخار احمد نے ایک، محمد نواز نے ایک، شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مصنف کے بارے میں