Get Alerts

ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025: بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے دی

 ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025: بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے دی

کولمبو: ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے چھٹے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے ہرا دیا۔ کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی ٹیم 248 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 43ویں اوور میں 159 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے سدرہ امین نے 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، لیکن ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ نتالیہ پرویز نے 33 اور سدرہ نواز نے 14 رنز بنائے، جبکہ باقی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکیں۔

اس سے قبل پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی ویمنز ٹیم نے 50 اوورز میں 247 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے پراتیکا راول نے 31، سمرتی مندھانا نے 23، ہرلین دیول نے 46، جمیما روڈریگز نے 32، دیپتی شرما نے 25، رچا گھوش نے 35 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ کپتان ہرمن پریت کور نے 19 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے ڈیانا بیگ نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال نے 2،2 جبکہ رامین شمیم اور نشرا سندھو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ کے آغاز پر ٹاس کے دوران ایک ناخوشگوار لمحہ اس وقت پیش آیا جب بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا۔ شائقین اور ماہرین نے اس عمل کو کھیل کی روح کے منافی قرار دیا۔

ٹیگز: