اسلام آباد : آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں یعنی سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس منعقد ہوں گے، جن میں مختلف اہم بلز پیش کیے جائیں گے اور قومی و بین الاقوامی امور پر بحث ہوگی۔
قومی اسمبلی کا 15 نکاتی ایجنڈا اور سینیٹ کا 39 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے بعد توجہ دلاؤ نوٹس اور مختلف بلز جیسے ویسٹ پاکستان موٹر وہیکل ٹیکسیشن ترمیمی بل 2025، اسلام آباد لوکل گورنمنٹ دوسری ترمیمی بل 2025 سمیت دیگر اہم تحاریک زیرِ بحث آئیں گی۔
سینیٹ میں بھی متعدد اہم بلز پیش ہوں گے، جن میں پلاسٹک پر پابندی، ایس ای سی پی ایکٹ میں ترمیم، ورچوئل اثاثہ جات کے ریگولیٹری فریم ورک، پاکستان سائیکولوجیکل کونسل کے قیام، اسٹیٹ بینک ایکٹ اور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ایکٹ میں ترامیم شامل ہیں۔ ساتھ ہی یونیورسٹیوں میں مستحق طلباء کے لیے مخصوص نشستوں کا بل بھی زیرِ غور آئے گا۔
ایوان بالا میں انسانی اسمگلنگ کی روک تھام، پاکستان پینل کوڈ میں ترمیم، اور بچوں پر جسمانی سزا کی ممانعت کے بل پر بھی بات ہوگی، جبکہ عربی زبان کو لازمی مضمون بنانے کی قرارداد اور فلسطین و صمود فلوٹیلا کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد پیش کی جائے گی۔
سیلاب متاثرین کی امداد اور معاوضے، زیر زمین پانی کی سطح کو بہتر بنانے، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں آسمانی بجلی سے نقصانات اور این ڈی ایم اے کی کارکردگی پر بھی تفصیلی بحث ہوگی۔ اس کے علاوہ حکومت کی صحت پالیسی، اسپتالوں میں مفت علاج، ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور افغان مہاجرین کی واپسی پر بھی اجلاس میں گفتگو متوقع ہے۔
اسی طرح، سینیٹ قواعد میں ترمیم کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا، جبکہ پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے حوالے سے تفصیلی مباحثہ ہوگا۔