ممبئی : بالی ووڈ کے معروف اداکار و پروڈیوسر ارباز خان 57 سال کی عمر میں ایک بار پھر باپ بن گئے ہیں۔ ان کی 35 سالہ اہلیہ شورا خان نے ممبئی کے ایک نجی ہسپتال میں بیٹی کو جنم دیا ہے۔
یہ خوشی کا موقع اُس وقت سامنے آیا جب گزشتہ روز شورا خان کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ارباز خان اپنی اہلیہ کے ساتھ موجود تھے۔ ان کی ہسپتال آمد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ ارباز خان اور شورا خان کی شادی 24 دسمبر 2023 کو ممبئی میں ان کی بہن ارپتا خان کے گھر پر سادگی سے انجام پائی تھی۔ اس نجی تقریب میں خان فیملی سمیت قریبی رفقاء نے شرکت کی تھی۔ شادی کے بعد ایک انٹرویو میں ارباز نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ اور شورا جلد والدین بننے والے ہیں۔
یہ ارباز خان کے لیے دوسری بار باپ بننے کا موقع ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 1998 میں اداکارہ ملائکہ اروڑا سے شادی کی تھی، جو 2017 میں طلاق پر منتج ہوئی۔ اس رشتے سے ان کے ایک بیٹے ارہان خان ہیں، جن کی عمر اب 22 سال ہے۔
ارباز خان کی جانب سے تاحال بیٹی کی پیدائش پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم قریبی ذرائع کے مطابق ماں اور بیٹی دونوں خیریت سے ہیں۔