اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے سینیٹ اجلاس میں کہا ہے کہ سیاست میں نرمی اور گرمی چلتی رہتی ہے، اور کسی کی دل آزاری نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے بھرپور محنت کی ہے اور نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن کو خبردار کیا کہ وہ خوش نہ ہوں، کیونکہ وہ کوشش کریں گے کہ تمام سیاسی دوستوں کو مناکر واپس لایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری ایک بزرگ سیاستدان ہیں اور صلح کار کا کردار ادا کریں گے، اس لیے کسی بھی طرف سے دل آزاری کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ پر ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو خوش نہیں ہونا چاہیے اور مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر قانون نے انڈس ریور معاہدے کے تحت پانی کی تقسیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی تقسیم اسی معاہدے کے تحت کی جائے گی۔