پاکستان اور روس کا مسئلہ کشمیرکے پرامن حل پر اتفاق

پاکستان اور روس کا مسئلہ کشمیرکے پرامن حل پر اتفاق
کیپشن: پاکستان اور روس کا مسئلہ کشمیرکے پرامن حل پر اتفاق
سورس: فوٹو/بشکریہ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر اور افغانستان تنازعہ کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی جس دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کرنے کیساتھ ساتھ باہمی تعلقات کے فروغ اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ ملاقات کو دہراتے ہوئے روس کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور دو طرفہ تعلقات میں مستحکم نمو پر اظہار اطمینان کیا، انہوں نے ’پاکستان سٹریم‘ گیس پائپ لائن منصوبے پر جلد از جلد کام شروع کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ 
وزیراعظم عمران خان نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے تناظر میں پاکستانی موقف سے آگاہ کیا جبکہ جنوبی ایشیا میں امن وسلامتی کے امور پر پاکستان کے نقطہ نظر پر بھی بات چیت کرنے کیساتھ ساتھ مغربی ایشیا، مشرق وسطیٰ سمیت خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماﺅں نے کشمیر تنازعہ کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔ 
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان توانائی، صنعت، ریلوے اور ہوا بازی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ رواں سال ماسکو میں ہونے والے بین الحکومتی کمیشن میں مختلف تجاویز اور منصوبوں پر پیش رفت ہو گی۔ 
وزیراعظم نے افغانستان تنازعہ کے سیاسی حل کی اہمیت پر زور دیا اور افغان امن عمل کو فروغ دینے میں روس کی کوششوں کو سراہا جبکہ اس موقع پر کوویڈ 19، صحت عامہ اور معاشی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کے دوران روس کو سپوتنک فائیو ویکسین بنانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ویکسین کی خریداری سے متعلق پاکستان کی دلچسپی بھی ظاہر کی۔