واشنگٹن :اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو امریکہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے جنوبی علاقوں میں فلسطینیوں کو نکال کر سکیورٹی زون قائم کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم نے اپنے جارحانہ عزائم کو عالمی حمایت حاصل کرنے کے لیے امریکا کا رخ کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں غزہ کی صورتحال اور ایران کے معاملے پر بات چیت متوقع ہے۔ نیتن یاہو کی ملاقات امریکی صدر کے ساتھ آج ہوگی، لیکن اس کا ایجنڈا ابھی تک سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ کے جنوبی علاقوں میں بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے تاکہ وہاں سے فلسطینیوں کا انخلا کیا جا سکے اور ان علاقوں کو سیکیورٹی زون میں تبدیل کیا جا سکے۔ اسرائیلی وزیردفاع نے اعلان کیا ہے کہ ان علاقوں کو خالی کرانے کے بعد حماس کے اثر و رسوخ کو روکنے کے لیے سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے۔