Get Alerts

بجلی کے شعبے کا مستقبل صرف شمسی اور قابلِ تجدید توانائی سے وابستہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف

بجلی کے شعبے کا مستقبل صرف شمسی اور قابلِ تجدید توانائی سے وابستہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے توانائی کے شعبے میں خود کفالت کے لیے بڑا وژن پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل شمسی توانائی اور دیگر قابلِ تجدید ذرائع (Renewable Energy) سے وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجلی کی طویل مدتی منصوبہ بندی کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
 وزیراعظم نے عالمی اور خطے کی کشیدہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی حالات کی وجہ سے تیل کی رسد میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کا براہِ راست اثر بجلی کی قیمتوں اور دستیابی پر پڑتا ہے۔شہباز شریف نے اطمینان کا اظہار کیا کہ بجلی کی پیداوار میں قابلِ تجدید توانائی کا مناسب حصہ شامل ہونے کی وجہ سے ملک بڑے توانائی بحران سے محفوظ رہا ہے۔
وزیراعظم نے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بیٹری توانائی سٹوریج سسٹم کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی سخت ہدایت کی، تاکہ شمسی توانائی کو ذخیرہ کر کے رات کے اوقات میں بھی استعمال کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو بجلی کی طویل مدتی منصوبہ بندی پر بریفنگ کے دوران درج ذیل ہدایات جاری کیں۔    قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع کو مزید وسعت دینے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل فوری طور پر تشکیل دیا جائے۔    درآمدی ایندھن پر انحصار کم کر کے مقامی اور سستے ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے۔    انرجی مکس (Energy Mix) میں شمسی اور پون (Wind) بجلی کا تناسب بڑھایا جائے تاکہ عوام کو سستی بجلی فراہم کی جا سکے۔

ٹیگز: