واشنگٹن: امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے روسی تیل خریدنے والے ممالک پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ "سستا روسی تیل خریدنا اب اتنا آسان نہیں رہا جو پہلے تھا۔" انہوں نے بھارت پر اضافی 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے امریکی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جو ممالک پیوٹن کا تیل خرید کر روس کی جنگی مشین کو سپورٹ کر رہے ہیں، وہ اب امریکی معیشت تک بغیر رکاوٹ رسائی کے خواب نہ دیکھیں۔
سینیٹر لنزے گراہم کا کہنا تھا کہ "اگر بھارت یا دیگر ممالک روس سے تیل خریدنے کا عمل جاری رکھتے ہیں، تو وہ امریکی منڈیوں میں بغیر ٹیرف رسائی کے مستحق نہیں رہیں گے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "جو اس عمل میں ملوث ہیں، وہ اب کسی اور کو نہیں، بلکہ خود کو مورد الزام ٹھہرائیں۔"
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور اس کے اتحادی، روس پر دباؤ بڑھانے کے لیے اقتصادی اقدامات کو مزید سخت کرنے پر غور کر رہے ہیں، خاص طور پر ان ممالک کے خلاف جو روس سے توانائی کی درآمدات جاری رکھے ہوئے ہیں۔