Get Alerts

بھارت کو روس سے تیل خریدنے کی قیمت چکانا ہوگی، روس سے قربت پر سزا دیں گے: صدر ٹرمپ

بھارت کو روس سے تیل خریدنے کی قیمت چکانا ہوگی، روس سے قربت پر سزا دیں گے: صدر ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کاکہنا ہے کہ بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ روس سے تیل کی خریداری کا سلسلہ جاری رہا تو اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ روس سے قربت بڑھانے والے ممالک کو سزا دی جائے گی، کیونکہ وہ بالواسطہ پیوٹن کی جنگی پالیسی کو سہارا دے رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ان کی بہت اچھی بات چیت ہوئی ہے اور مستقبل قریب میں روسی حکام سے اعلیٰ سطحی ملاقات متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک نیا موقع ہے جسے دونوں ممالک بہتر تعلقات کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

اقتصادی میدان میں بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ایپل کمپنی نے امریکی معیشت میں مزید 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، جب کہ دیگر بڑی ٹیک کمپنیاں بھی ملک میں سینکڑوں ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "بگ بیوٹی فل بل" کی منظوری سے معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے، مہنگائی کم ہو رہی ہے اور تنخواہوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ "ایک سال پہلے لوگ امریکا کو دیوالیہ قرار دے رہے تھے، لیکن آج امریکی اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔" انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے انہوں نے خلیجی ممالک سمیت کئی ممالک کے دورے کیے ہیں۔

ٹیکنالوجی کے میدان میں خود کفالت کو فروغ دینے کے لیے صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ مائیکروچِپس اور سیمی کنڈکٹرز پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا، تاکہ درآمدات پر انحصار کم کیا جا سکے اور ملکی پیداوار کو فروغ ملے۔

ٹیگز: