لاہور: پنجاب میں گرمی کی شدت کے پیش نظر اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں میں 31 اگست تک توسیع کی تجویز زیر غور ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تاحال 15 اگست سے اسکول کھولنے کے فیصلے کی تصدیق نہیں کی۔
محکمہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں شدید گرمی اور حبس کے باعث بچوں کی صحت کو درپیش خطرات کے پیش نظر اسکولوں کی بندش میں مزید اضافہ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ موسمیات کی رپورٹس اور ماہرین کی تجاویز کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تصدیق کی ہے کہ موسم کی صورتحال کے حوالے سے مشاورت جاری ہے اور گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع یا سکول کھولنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ جلد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پنجاب میں حالیہ دنوں وقفے وقفے سے بارشیں ہو رہی ہیں، تاہم وقفہ طویل ہونے کی صورت میں موسم نہایت گرم اور حبس زدہ ہو جاتا ہے، جو اسکول کھولنے کے فیصلے پر اثرانداز ہو رہا ہے۔