لاہور:کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کی جانب سے گزشتہ رات لاہور اور قصور کے مختلف علاقوں میں چار مبینہ پولیس مقابلے کیے گئے جن میں چار ملزمان ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں چوہنگ گینگ ریپ کیس کا مرکزی ملزم عمران بھی شامل ہے۔
سی سی ڈی کے مطابق ماڈل ٹاؤن کے گینگ ریپ کیس کے مرکزی ملزم عمران کو گرفتار کرنے کے لیے قصور میں چھاپہ مارا گیا، جہاں فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران وہ مارا گیا۔ یاد رہے کہ اس کیس کے دیگر تین ملزمان – اویس، زاہد اور ارشاد پہلے ہی پولیس مقابلوں میں مارے جا چکے ہیں۔
گرین ٹاؤن کے علاقے میں بھی سی سی ڈی نے کارروائی کی، جہاں زیرِ حراست ملزم بابر علی ایک مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔ اسی طرح کاہنہ میں بھی پولیس مقابلے کے دوران زیرِ حراست نذیر نامی ملزم مارا گیا۔
ساندہ میں سی سی ڈی نے خطرناک جرائم میں ملوث ملزم سلمان خالد کو وارداتوں کی نشاندہی کے لیے لے جایا، جہاں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران وہ مارا گیا۔ پولیس کے مطابق سلمان 72 سے زائد وارداتوں میں ملوث تھا۔
سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں، جبکہ ہر واقعے کی الگ الگ انکوائری بھی جاری ہے۔