Get Alerts

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ امن و سلامتی کے مشترکہ عزم پر متحد ہیں: وزیراعظم

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ امن و سلامتی کے مشترکہ عزم پر متحد ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ تین برادر اسلامی ممالک ہیں جو مشترکہ ایمان، دیرینہ دوستی اور امن و سلامتی کے لیے یکساں عزم کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اپنے برادر رہنماؤں، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ پر دستخط کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مقدس سرزمین مکہ مکرمہ میں حرمین شریفین کے سائے میں ہونے والا یہ تاریخی معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ یہ تاریخی معاہدہ آنے والی نسلوں کے لیے امن کی ڈھال ثابت ہو اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ سمیت پوری امت مسلمہ کے لیے سلامتی، استحکام اور خوشحالی کا ذریعہ بنے۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بھی بھرپور کاوشوں اور غیر معمولی عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور مکمل وابستگی نے اس اہم مقصد کے حصول میں نمایاں کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ تینوں برادر ممالک کے درمیان یہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔

ٹیگز: