Get Alerts

پی ڈی ایم استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرے تو جماعت اسلامی بھی سوچ سکتی ہے، سراج الحق

پی ڈی ایم استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرے تو جماعت اسلامی بھی سوچ سکتی ہے، سراج الحق
کیپشن: پی ڈی ایم استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرے تو جماعت اسلامی بھی سوچ سکتی ہے، سراج الحق
سورس: فائل فوٹو

تیمر گرہ: جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا حکمران جتھے کے پاس منزل اور وژن نہیں اور کے ٹی ایچ واقعہ پورے ٹبر کی نااہلی کا ثبوت ہیں۔ پی ڈی ایم اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیں جماعت اسلامی بھی لائحہ عمل بنائے گی۔

جماعت اسلامی کے امیر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا مافیاز نے حکومت پر قبضہ کر لیا ہے اور الیکشن میں انویسٹ کرنے والے مافیاز اب دونوں ہاتھوں سے پیسے بٹور رہے ہیں یہی مافیاز پانامہ لیکس میں بھی شامل ہیں لیکن احتساب کرنے والوں سے اوجھل رہے۔ انھوں نے کہا کہ انصاف کرنے والے ججز خود انصاف کے متلاشی ہیں جبکہ غریب رُل رہے ہیں اور امیر کے لئے پیمانے اور ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی 25 دسمبر سے گوجرانوالہ میں حکومت مخالف تحریک کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر رہی ہے اگر حکومت نے جلسے جلوسوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے احتجاج اپوزیشن کا آئینی و قانونی حق ہے حکومت کسی بھی صورت میں ہم سے یہ حق نہیں چھین سکتی۔

انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیاسی جماعتیں الیکشن ریفارمز پر قومی مشاورت و ڈائیلاگ کرے کیونکہ موجودہ قوانین کے ہوتے ہوئے شفاف الیکشن ناممکن ہیں اور نتائج گلگت بلتستان کے انتخابات جیسے نکلیں گے۔ کے ٹی ایچ میں آکسیجن نہ ملنے سے ہونے والے اموات حکومت اور محکمہ صحت کی کارکردگی کا پول کھول رہے ہیں وزیر اعلیٰ بشمول پوری کابینہ استعفیٰ دیں کیونکہ پورا ٹبر ہی نااہل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھروں کا وعدہ دیوانے کا خواب ثابت ہوا جبکہ حکومت نے روزگار دینے کی بجائے 35 لاکھ لوگوں کو بیروزگار کر دیا۔ اسٹیل میل اور ریڈیو پاکستان سے ہزاروں لوگوں کو نوکریوں سے نکال کر حکومت نے اپنی ناکامی کا اعتراف کر لیا۔