سٹیج آرٹسٹ خوشبو خان کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرلیا

سٹیج آرٹسٹ خوشبو خان کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرلیا

لاہور:پاکستان کی معروف آرٹسٹ خوشبوخان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ اداکارہ کے خلاف مقدمہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے تھیڑ میں بیک سٹیج اداکاراؤں کے کپڑے بدلتے ہوئے ویڈیوز بنانے کے معاملے پر درج کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے تھیٹر مالک طارق محمود کی درخواست پر گرفتار ملزم کاشف چن کے بیان پر مقدمہ درج کیا ۔

ایف آئی آر میں اداکارہ ثوبیہ عرف خوشبوخان ، عمران شوکی اور احمد سمیت دیگر ملزمان کے نام شامل ہیں ۔

یاد رہے کہ سٹیج آرٹسٹ ملزم کاشف چن نے انکشاف کیا کہ اس نے  اداکارہ خوشبو کے کہنے پر بیک سٹیج پر خواتین فنکاروں کے کپڑے بدلنے کے دوران موبائل پر ویڈیوز بنائیں ۔

کاشف چن کا کہنا تھا کہ وہ موبائل چارجنگ کے بہانےاپنا موبائل فون اداکاراؤں کے کمرے میں رکھ آتا تھا ۔ملزم کا کہنا تھاکہ اداکارہ خوشبو نے ویڈیوز بنانے کا ایک لاکھ روپے معاوضہ دیا تھا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے مطابق ملزم کاشف کے موبائل فون سے ویڈیوز برآمد ہونے کے بعد خوشبو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اداکارہ خوشبو خان تھیٹر مالک اور دیگر فنکاروں سے تلخ کلامی کےبعد کام چھوڑکر چلی گئی تھیں  ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اداکارہ خوشبو خان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ میرا ان ویڈیوز سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی میں نے یہ ویڈیوز بنوائی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو شک ہو تو میں تحقیقات میں شامل ہونے کو تیار ہوں ۔