راولپنڈی: وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ملکی سالمیت سے کھیلنے والا شخص غدار اور ذہنی مریض ہی ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو عناصر پاکستان کی سلامتی پر حملہ آور ہوں، ان کے ساتھ مذاکرات ممکن نہیں ہوتے۔
راولپنڈی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی رہنما اقتدار میں ہوں تو سب کچھ ٹھیک، مگر اقتدار نہ ملے تو پاکستان کی سلامتی کو داؤ پر لگا دیتے ہیں، حالانکہ کسی بھی قائد کی اہمیت ریاست کی سالمیت سے بڑھ کر نہیں ہو سکتی۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے جیل کی صورتِ حال برداشت نہیں ہو رہی، جبکہ پی ٹی آئی کا موجودہ بیانیہ کسی ایک شخص کے خلاف نہیں بلکہ ریاستی اداروں، خصوصاً فوج کے خلاف تشکیل دیا گیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک کو منظم انداز میں غیر مستحکم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں ’’خوارج‘‘ کی سب سے بڑی سہولت کار خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت ہے۔