Get Alerts

مسقط مذاکرات کا پہلا مرحلہ مکمل: ایران اور امریکہ کا بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق، 'اعتماد کا فقدان' تاحال بڑی رکاوٹ

مسقط مذاکرات کا پہلا مرحلہ مکمل: ایران اور امریکہ کا بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق، 'اعتماد کا فقدان' تاحال بڑی رکاوٹ

مسقط : عمان کے دارالحکومت مسقط میں ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری پروگرام پر ہونے والے بالواسطہ مذاکرات کا پہلا دور ختم ہو گیا ہے۔ فریقین نے بات چیت کے عمل کو مثبت قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، تاہم ایرانی قیادت نے مذاکرات کی کامیابی کے لیے 'باہمی احترام' کو لازمی شرط قرار دیا ہے۔
مذاکرات کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی نے کہاگزشتہ سال کے تلخ تجربات اور واشنگٹن کی پالیسیوں کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان 'اعتماد کی گہری خلیج' موجود ہے جو مذاکرات میں بڑی رکاوٹ ہے۔
 ایرانی وفد نے واضح کیا کہ تہران اپنے جوہری حقوق اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ایک باعزت معاہدہ ہی خطے میں استحکام لا سکتا ہے۔انہوں نے حالیہ ملاقات کو ایک 'اچھا آغاز' قرار دیا اور کہا کہ اگر یہی مثبت رخ برقرار رہا تو ایک ٹھوس فریم ورک تک پہنچا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ان مذاکرات کو "بہت اچھی بات چیت" قرار دیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ دونوں وفود اگلے ہفتے دوبارہ ملاقات کریں گے۔ امریکی حکام کا اصرار ہے کہ کسی بھی معاہدے میں ایران کے میزائل پروگرام اور علاقائی سرگرمیوں کو بھی شامل ہونا چاہیے، جبکہ ایران تاحال صرف جوہری معاملے پر گفتگو تک محدود رہنے پر بضد ہے۔

ٹیگز: