لاہور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 لاہور میں الیکشن پٹیشن مسترد ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن پٹیشن قانونی تقاضے پورے کیے بغیر دائر کی گئی تھی۔
تفصیلی فیصلے کے مطابق 14 فروری کو نواز شریف کی کامیابی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہوا، تاہم الیکشن ٹریبونل تشکیل پانے کے باوجود مقررہ وقت میں الیکشن پٹیشن دائر نہیں کی گئی۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے الیکشن ٹریبونل کے بجائے الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کی، جو قانون کے مطابق درست فورم نہیں تھا۔ مزید یہ کہ درخواست گزار نے الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ آفیسر کو فریق بنانے کے لیے ٹریبونل سے پیشگی اجازت بھی حاصل نہیں کی۔
عدالتی فیصلے میں قرار دیا گیا کہ درخواست گزار کا یہ اقدام غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 144 کے تحت الیکشن پٹیشن دائر کرتے وقت تمام قانونی لوازمات پورے کرنا لازم ہے، جس میں درخواست گزار ناکام رہی۔