Get Alerts

امریکا میں پاکستانی نژاد قیادت کی تاریخ ساز کامیابی، کیمبرج میں سنبل صدیقی میئر اور برہان اعظم ڈپٹی میئر منتخب

امریکا میں پاکستانی نژاد قیادت کی تاریخ ساز کامیابی، کیمبرج میں سنبل صدیقی میئر اور برہان اعظم ڈپٹی میئر منتخب

میساچوسٹس :امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر کیمبرج میں پاکستانی نژاد امریکیوں نے ایک تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا، جہاں کراچی سے تعلق رکھنے والی سنبل صدیقی میئر جبکہ پنجاب کے شہر بورے والا سے تعلق رکھنے والے برہان اعظم ڈپٹی میئر منتخب ہو گئے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق 5 جنوری کو ہونے والے سٹی کونسل انتخابات کے بعد کیمبرج کی تاریخ میں پہلی بار میئر اور ڈپٹی میئر دونوں عہدوں پر پاکستانی نژاد امریکیوں کا انتخاب عمل میں آیا، جسے امریکا میں مقیم پاکستانی برادری اور دیگر اقلیتوں کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

سنبل صدیقی مسلسل تیسری بار کیمبرج کی میئر منتخب ہوئی ہیں، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں اور 2017 میں پہلی مرتبہ کیمبرج سٹی کونسل کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔ اس کے بعد وہ 2020 سے 2024 تک دو بار میئر کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔
سنبل صدیقی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ کیمبرج کی پہلی مسلمان میئر اور پہلی ایشیائی نژاد خاتون ہیں جو مسلسل تیسری بار اس منصب پر منتخب ہوئیں۔

دوسری جانب برہان اعظم کو ڈپٹی میئر منتخب کیا گیا ہے، جو شہر کے کم عمر ترین ڈپٹی میئر ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ وہ معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر منیر چوہدری کے صاحبزادے ہیں اور ایم آئی ٹی (MIT) بوسٹن سے انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔
برہان اعظم اس سے قبل بھی کیمبرج کے کم عمر ترین کونسلر منتخب ہو چکے ہیں اور دوسری بار کونسلر منتخب ہونے کے بعد اب ڈپٹی میئر کے منصب پر فائز ہوئے ہیں۔

اس تاریخی کامیابی پر امریکا اور پاکستان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے خوشی اور فخر کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ اسے امریکی سیاست میں پاکستانی نژاد مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی نمائندگی کی ایک اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: