نئی دہلی: بالی وڈ کی مشہور جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشال نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے دو ماہ بعد بیٹے کا نام باضابطہ طور پر انسٹاگرام پر اعلان کر دیا۔
کترینہ اور وکی کے ہاں گزشتہ سال 7 نومبر کو شادی کے 4 سال بعد پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔ جوڑے نے 7 جنوری کو اپنے بیٹے کی پہلی جھلک اور اس کا نام "ویہان کوشال" مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔
انسٹاگرام پوسٹ میں جوڑے نے اپنے بیٹے کا نام ویہان کوشال رکھنے کی اطلاع دی اور کیپشن میں لکھا: "ہماری روشنی کی کرن، ویہان کوشال۔ دعائیں قبول ہو گئیں، زندگی بہت خوبصورت ہے، ہماری دنیا ایک لمحے میں بدل گئی۔"
اس اعلان کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے کترینہ کیف اور وکی کوشال کو بیٹے کے نام پر مبارکبادیں دی جا رہی ہیں، اور پوسٹ سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشال نے 9 دسمبر 2021 کو راجستھان کے ایک ریزورٹ میں سادگی سے شادی کی تھی، جس میں صرف قریبی دوست اور اہل خانہ شریک ہوئے تھے۔