کیپٹن (ر)صفدر کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا، ذرائع

کیپٹن (ر)صفدر کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا، ذرائع
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد : سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر)صفدر کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا جبکہ وارنٹ جاری ہونے کے بعد گرفتار کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے ایوان فیلڈ میں سزا پانے والے نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرلیا، جس کے تحت کیپٹن صفدر ملک سے باہر نہیں جا سکتے۔

نیب کا کہنا ہے کہ وارنٹ جاری ہونے کے بعد انھیں گرفتار کیا جائے گا , ذرائع کے مطابق پیر کو نوازشریف، مریم نواز، کیپٹن (ر)صفدر کے وارنٹ حاصل کیے جائیں گے۔

احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا۔

مزید پڑھیئے:شریف خاندان کے وکلاء نے فیصلے کیخلاف اپیلیں تیار کر لیں
 
 
اس سے قبل نیب نے سابق وزیراعظم کے داماد کیپٹن صفدر کا نام فوری ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا اور ہنگامی بنیادوں پر وزارت داخلہ کو یاد دہانی کاخط لکھ دیا تھا۔

نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ کیپٹن صفدر پیر سے پہلے کسی بھی وقت بیرون ملک فرار ہوسکتے ہیں , یاد رہے کہ گذشتہ روز نیب ذرائع کا کہنا تھا نوازشریف اور مریم نواز کو ایئرپورٹ پر اترتے ہی گرفتار کرلیا جائے اور دونوں کی گرفتاری میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی , نیب کو ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلےکی مصدقہ کاپی مل گئی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال قید اور 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ، مریم نواز کو مجموعی طور پر 8 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ جبکہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔