Get Alerts

قطر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ ختم

قطر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ ختم

دوحہ : قطر میں اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جنگ بندی کے لیے ہونے والے مذاکرات کا پہلا دور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ فلسطینی حکام نے بتایا کہ اسرائیلی وفد کے پاس جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے کے لیے مکمل اختیارات نہیں تھے۔

اسرائیلی وزیراعظم  نیتن یاہو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حماس کے حالیہ مطالبات اسرائیل کے لیے ناقابل قبول ہیں، تاہم اس کے باوجود اسرائیل نے دوحہ میں ایک اعلیٰ سطحی مذاکراتی ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے فلسطینی تنظیم حماس نے قطر اور امریکا کی ثالثی میں غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے ایک نئے معاہدے پر مثبت جواب دیا تھا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل نے 60 روزہ جنگ بندی کے لیے شرائط پر اتفاق کیا ہے۔

امریکی صدر نے نیوجرسی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ہفتے حماس کے ساتھ معاہدہ کرنے کا "اچھا موقع" ہے، اور یہ بھی کہ اس موقع پر کچھ یرغمالیوں کی رہائی ممکن ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل اور ایران کے ساتھ مستقل معاہدے پر بات چیت جاری رہے گی۔

یہ بات واضح ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازعات کی شدت اور اختلافات کے باوجود، عالمی طاقتیں ثالثی کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ علاقے میں قیامِ امن کی راہ ہموار ہو سکے۔

ٹیگز: