ٹیکساس : امریکی ریاست ٹیکساس شدید طوفانی بارشوں اور سیلاب کی لپیٹ میں ہے، جہاں انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک حد تک بڑھ گیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، سیلابی صورتحال کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 80 ہو چکی ہے، جن میں 28 بچے بھی شامل ہیں۔
سب سے زیادہ جانی نقصان کیر کاؤنٹی میں ہوا ہے، جہاں 68 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس میں ہیلی کاپٹرز، کشتیاں اور ڈرونز کی مدد سے لاپتہ افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق، ایک سمر کیمپ سے 10 لڑکیاں اور ایک کونسلر سمیت 41 افراد تاحال لاپتہ ہیں، جس کے باعث اہل خانہ شدید کرب و اضطراب میں مبتلا ہیں۔
ادھر موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ وسطی ٹیکساس میں آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جو صورتحال کو مزید خطرناک بنا سکتا ہے۔
دوسری جانب، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیر کاؤنٹی کو آفت زدہ علاقہ قرار دیتے ہوئے فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔