ممبئی: بھارت کے سب سے مہنگے اور مقبول ترین کامیڈی میزبان کپل شرما ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ ان کا شو ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ اپنے تیسرے سیزن کے ساتھ ناظرین کو ہنسانے کے لیے واپس آ گیا ہے، اور اس سیزن میں بھی کپل شرما فی قسط 5 کروڑ بھارتی روپے کا بھاری معاوضہ وصول کر رہے ہیں۔
یہ شو 21 جون 2025 سے نشر ہونا شروع ہوا، اور ناظرین کی دلچسپی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس بار شو میں ایک بار پھر نوجوت سنگھ سدھو کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ ارچنا پورن سنگھ بھی حسبِ روایت شو کا حصہ ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل شرما سیزن 3 میں بھی وہی معاوضہ لے رہے ہیں جو انہوں نے پچھلے دونوں سیزنز میں لیا تھا۔ یعنی ہر سیزن کے 13 اقساط کے لیے تقریباً 65 کروڑ روپے۔ اس طرح تینوں سیزنز کی ممکنہ مجموعی آمدنی 195 کروڑ روپے بنتی ہے — جو کہ ایک کامیڈی شو کے میزبان کے لیے ایک نئی مالی مثال ہے۔
کامیڈین کپل شرما نے 2013 میں ’کامیڈی نائٹس ود کپل‘ کے ذریعے ٹی وی پر میزبانی کا آغاز کیا تھا، اور 2016 سے 2023 تک ’دی کپل شرما شو‘ کے ذریعے ناظرین کے دلوں پر راج کرتے رہے۔ اب 2025 میں، ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کے ساتھ وہ ایک بار پھر اس میدان میں سب پر بازی لے جا رہے ہیں۔
شو کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں بالی وڈ ستارے اپنی فلموں کی پروموشن کے لیے آتے ہیں، جہاں ان کے ساتھ مزاح، چٹکلے اور دلچسپ کھیل پیش کیے جاتے ہیں — یہی وجہ ہے کہ یہ شو نہ صرف بھارت بلکہ دیگر ممالک میں بھی بے حد پسند کیا جاتا ہے۔