یانگ ژو : شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) فلم فیسٹیول 2025 میں پاکستانی فلمی صنعت نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جہاں دو پاکستانی فلموں — "دیمک" اور "نایاب" — نے اعلیٰ اعزازات اپنے نام کر کے ملک کا نام روشن کیا۔
پانچ روز تک جاری رہنے والے اس بین الاقوامی فلمی میلے میں فلم "دیمک" کو بہترین ایڈیٹنگ کا ایوارڈ دیا گیا، جو ہدایتکار رافع راشدی اور معروف اداکارہ سونیا حسین نے وصول کیا۔ فلم "دیمک" کی کہانی ایک گھر میں ساس اور بہو کے کشیدہ تعلقات کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی پراسرار اور ماورائی سرگرمیوں کے گرد گھومتی ہے۔ فلم کی میگا کاسٹ میں جاوید شیخ، ثمینہ پیرزادہ، بشریٰ انصاری، فیصل قریشی اور ثمن انصاری شامل ہیں۔
دوسری جانب، فلم "نایاب" نے اسپیشل جیوری ایوارڈ حاصل کیا، جو کہ ہدایتکار عمیر ناصر علی اور اداکار اسامہ خان نے حاصل کیا۔ یہ فلم ایک ایسی لڑکی کی جدوجہد پر مبنی ہے جو بچپن سے کرکٹ کھیلنے کی خواہش رکھتی ہے اور مختلف سماجی اور خاندانی رکاوٹوں کے باوجود اپنے خواب کی تکمیل کے لیے کوشاں رہتی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں یمنیٰ زیدی، عدنان صدیقی، فواد خان، جاوید شیخ اور فریال محمود شامل ہیں۔
فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے وفد میں پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد رفیق (جیوری ممبر)، معروف فلم ڈسٹری بیوٹر ندیم مانڈوی والا، عرفان ملک، وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر، ڈائریکٹر جنرل ڈی ای ایم پی ثمینہ فرزین، پاکستانی سفارتخانے سے منظور علی، فلم "نایاب" کی ٹیم کے اراکین رومینہ عمیر، نعمان خان اور اسامہ خان شامل تھے۔
یہ کامیابیاں نہ صرف پاکستانی سینما کی تخلیقی صلاحیتوں کا اعتراف ہیں بلکہ عالمی سطح پر فلمی صنعت میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی علامت بھی ہیں۔