Get Alerts

ضم شدہ قبائلی اضلاع کی وفاقی کمیٹی فوری تحلیل کی جائے، صوبائی خودمختاری پر حملہ ناقابل قبول ہے:پی ٹی آئی کا مطالبہ

 ضم شدہ قبائلی اضلاع کی وفاقی کمیٹی فوری تحلیل کی جائے، صوبائی خودمختاری پر حملہ ناقابل قبول ہے:پی ٹی آئی کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے معاملات کے لیے قائم کردہ وفاقی کمیٹی کو فوری طور پر تحلیل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کمیٹی فاٹا کے منتخب نمائندوں کو نظر انداز کرتے ہوئے بنائی گئی ہے، جو صوبائی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

پریس کانفرنس میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 25ویں آئینی ترمیم کے بعد فاٹا خیبرپختونخوا میں ضم ہو چکا ہے، اس لیے صوبائی حکومت کو مکمل اختیارات دیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے 7 منتخب ایم این ایز میں سے 5 پی ٹی آئی کے ہیں، لیکن وفاقی کمیٹی نے ان کی نمائندگی کو نظر انداز کیا، جو ناقابل قبول ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ فاٹا کے 700 ارب روپے کے واجبات فوری ادا کیے جائیں اور فاٹا کی تقدیر پر خود فاٹا کے عوام اور ان کے منتخب نمائندے فیصلہ کریں۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی بندش اور مداخلت کی سخت مذمت کی۔

پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں اقبال آفریدی، شاہ فرمان، سہیل آفریدی اور آفتاب عالم نے بھی اس بات پر زور دیا کہ وفاق کو فاٹا کے معاملات میں مداخلت سے باز رہنا چاہیے اور صوبے کو اس کا حق دیا جائے۔

ٹیگز: