اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی اماراتی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے سی ای او حاتم داویدار کی قیادت میں وفد سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں پاکستانی معیشت میں سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر اطلاعات ٹیکنالوجی شزا فاطمہ بھی شریک تھیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ تعلقات مشترکہ ثقافت اور مذہبی اقدار پر مبنی ہیں، اور اماراتی کمپنیاں طویل عرصے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ کاروبار دوست ماحول قائم کیا جا سکے۔
سی ای او حاتم داویدار نے وزیراعظم کو پاکستان میں کاروباری ماحول کی بہتری پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی کمپنی میں 10 ہزار سے زائد پاکستانی ملازمین اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں طویل المدتی اور کامیاب سرمایہ کاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔