ٹرین حادثات کے بعد بھی حکومت اپنی مجرمانہ غفلت قبول کرنے کو تیار نہیں، مریم نواز

ٹرین حادثات کے بعد بھی حکومت اپنی مجرمانہ غفلت قبول کرنے کو تیار نہیں، مریم نواز
سورس: فائل فوٹو

لاہور: سندھ کے ضلع گھوٹکی میں پیش آنے والے ٹرین حادثے پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ کیسے ظالم اور بے حس لوگ پاکستان پر مسلط ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ 3 سال میں 8 بڑے ٹرین حادثات کے بعد بھی حکومت اپنی مجرمانہ غفلت قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جتنے لوگوں نے اپنے پیاروں کو ان حادثات میں کھویا، میری دعائیں اور نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ جاں بحق افرادکی مغفرت فرمائے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما اور سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ آج گھوٹکی کے قریب 2 ٹرینوں کا حادثہ ہوا، یقین ہے ریلوے کا شعبہ ایف جی آئی آر حادثے کی پڑتال کرے گا۔

485f41e2dd7e150c4313bdd471029461

اپنے ویڈیو پیغام میں سعد رفیق نے کہا کہ امید ہے گھوٹکی ٹرین حادثے کے حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ امید ہے حقائق کو چھپایا نہیں جائے گا۔

سابق وزیرریلوے  نے کہا کہ ٹرین کی 3 بوگیوں کے جلنے پر حقائق کو چھپایا گیا تھا۔ حادثات کی بڑی وجہ حفاظتی اقدامات کا نہ ہونا ہے۔ حکومت نے ریلوے کے ترقیاتی بجٹ پر60 سے 65 فیصد کٹ لگایا ہے۔ ٹریک اور لوکو موٹو کی مرمت نہ ہونے کے برابر ہے۔ جب آپ فنڈ نہیں دیں گے تو ایسے حادثات ہوں گے۔

سعد رفیق نے کہا کہ گھوٹکی کے علاقے میں 200 کلومیٹر کا ٹریک کمزور ہے۔ گھوٹکی کے ٹریک کی مکمل مرمت کی ضرورت ہے۔ مکمل مرمت کے لیے فنڈز ہی نہیں ہیں۔ ہم نے سی پیک ایم ایل ون کا پی سی ون بھی بنا دیا تھا۔ فیز ون میں گھوٹکی کا ٹریک ہماری ترجیحات میں شامل تھا۔ تین سال میں کوئی کام شروع نہیں کیا گیا۔ تین سال میں پہلے فیز نے مکمل ہونا تھا لیکن کام شروع نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ وزیرداخلہ اور وزیراطلاعات نے مجھ پرالزامات عائد کیے۔ حکومت نے ریلوے کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ سابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے تباہی مچا دی۔ آپ نے استعفے مانگتے تھے،ہم ایسی بات نہیں کریں گے۔

سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے پر سفر کرنے والے لوگوں کی زندگیوں سے نہ کھلیں۔ الزام تراشی کے بجائے اپنی کارکردگی بتائیں۔ سابق وزیر ریلوے ترقیاتی بجٹ سامنے لائیں۔ جب ریلوے کو فنڈ نہیں دے رہے تو کارکردگی کیسے بہتر ہوگی؟

سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ ایم ایل ون پر حکومت مکمل ناکام ہو گئی ہے اور ایکنک سے منظوری کوئی مشکل کام نہیں۔ حکومت نے ایم ایل ون کی منظوری میں 3 سال تاخیر کی اور سارے کام ہم کر گئے تھے جبکہ ابتدائی ڈیزائن ہم بنا گئے تھے۔

سعد رفیق نے کہا کہ تھرڈ پارٹی انسپکشن کے لیے غیرملکی فرم سے تقرری بھی ہو گئی ہے۔ حکومت نیب کے ذریعے انکوائریوں کے بجائے کام کرے اور کوئی حکومت 3 سال کے بعد گزشتہ دور پر ذمہ داری نہیں ڈال سکتی