ڈہرکی کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی دونوں ٹرینوں کے بلیک باکس مل گئے

ڈہرکی کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی دونوں ٹرینوں کے بلیک باکس مل گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ڈہرکی: پاکستان ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈہرکی کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس میں موجود بلیک باکس حاصل کر لئے گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں مسافر ٹرینوں کے بلیک باکس کے ذریعے ٹرین حادثے کی وجوہات معلوم کی جاسکتی ہیں۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلیک باکس میں موجود ڈیٹا سے چیک کیا جائے گا کہ حادثے کے وقت ٹرینوں کی رفتار کیا تھی۔
واضح رہے کہ ڈہرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے تصادم سے کئی بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 40 مسافر جاں بحق ہو گئے۔ حادثے سے متعلق ڈی ایس ریلوے طارق لطیف نے بتایا کہ ملت ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے 2منٹ بعد ہی سرسید ایکسیریس متاثرہ بوگیوں سے ٹکراگئی۔
ڈی ایس ریلوے سکھر طارق لطیف کے مطابق ٹرین حادثہ 3 بجکر 45 منٹ پر ہوا، حادثے کے بعد اپ اینڈ ڈاؤن ریلوے ٹریفک معطل ہے، دونوں اطراف کی تمام مسافر ٹرینیں بڑے بڑے سٹیشنوں پر روک لی گئی ہیں۔
دوسری جانب سرسید ایکسپریس کے زخمی ڈرائیور کا کہنا ہے کہ شہریوں کے اشارے پر ایمرجنسی بریک لگایا کہیں اور سے اطلاع نہیں ملی تھی۔ زخمی ڈرائیور نے اپنے بیان میں کہا کہ ریتی سٹیشن کے سگنل گرین ملے تھے، ریتی کے سٹیشن ماسٹر سے بھی بات ہوئی اس نے بھی کلیئر کیا، گاڑی مقررہ رفتار سے جارہی تھی کہ شہریوں کو اشارہ کرتے دیکھا تو ایمرجنسی بریک لگایا۔