Get Alerts

بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے: بلاول بھٹو زرداری

بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے: بلاول بھٹو زرداری

واشنگٹن:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور اعلیٰ سطحی سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت پر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔

واشنگٹن میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم بھارت کی جارحانہ پالیسیاں اور تخریبی سرگرمیاں امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی نیول افسر کلبھوشن یادیو کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا، جو پاکستان میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، جو بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24 کروڑ پاکستانیوں کو پانی سے محروم کرنے کی کوشش کھلی جارحیت کے مترادف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام معاملات پر بات چیت کے لیے تیار ہے، لیکن یک طرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا کسی بھی فریق کے لیے ممکن نہیں۔ بلاول کے مطابق بھارت نے اپنے جنگی طیارے گرنے کا اعتراف کرنے میں ایک ماہ لگایا، جبکہ بھارتی وزیراعظم مسلسل اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں۔

پاکستانی فضائی دفاع کی صلاحیت کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے، جبکہ مزید 20 طیارے پاکستان کے نشانے پر تھے، لیکن پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے اس موقع پر اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم کردار ادا کیا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، اور دنیا کو اس حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا۔

انہوں نے دوست ممالک کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے کشیدگی کے دوران غلط معلومات پھیلائیں، جبکہ پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ بلاول نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب یا قومیت نہیں ہوتی، اسے عالمی مسئلے کے طور پر دیکھنا ہوگا۔

ٹیگز: