Get Alerts

بھارت کی بلااشتعال اور کھلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

بھارت کی بلااشتعال اور کھلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی غیر ذمہ دارانہ کارروائی نے دو ایٹمی طاقتوں کو بڑے تصادم کے خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے بھارت کے حملے کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فضائیہ نے بلااشتعال اور بغیر کسی جواز کے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

شفقت علی خان نے کہا کہ بھارتی فضائیہ نے اسٹینڈ آف ہتھیاروں کے ذریعے مریدکے، بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد جیسے علاقوں میں حملے کیے، جس سے عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ شہری شہید ہو گئے۔ ترجمان نے کہا کہ ان حملوں نے تجارتی فضائی پروازوں کو بھی شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کی یہ کارروائی اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، اور بھارت نے دہشت گردی کا بہانہ بنا کر ایک جھوٹا بیانیہ اختیار کیا ہے تاکہ خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی غیر ذمہ دارانہ حرکت نے دو ایٹمی طاقتوں کو ایک بڑے تصادم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے اور صورتحال بہت تیزی سے بدل رہی ہے۔ شفقت علی خان نے واضح کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق اس حملے کا مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، مسلح افواج اور عوام بھارت کی جارحیت کے خلاف متحد ہیں اور اپنے وطن کی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔

ٹیگز: