اسلام آباد : بھارت کی حالیہ جارحیت کے بعد پاکستان میں سائبر سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں، جس پر نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ دشمن عناصر پاکستان کے اہم نیٹ ورکس کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں، اور وہ موجودہ غیر یقینی حالات کا فائدہ اٹھا کر غلط معلومات اور افواہیں پھیلانے میں سرگرم ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق، یہ سائبر حملے فریب پر مبنی پیغامات، جعلی ویب سائٹس، فشنگ لنکس اور جھوٹی خبروں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر کسی بھی غیر مصدقہ خبر یا افواہ کو شیئر نہ کریں۔
نیشنل سائبر ٹیم نے خبردار کیا ہے کہ مشتبہ لنکس پر ہرگز کلک نہ کریں، غیر مصدقہ ای میلز یا سوشل میڈیا پیغامات سے گریز کریں، اور صرف مستند، سرکاری ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں۔ ایڈوائزری میں زور دیا گیا ہے کہ دشمن قوتیں ملک میں بے چینی پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ محتاط رہیں اور صرف قابلِ اعتماد اطلاعات پر انحصار کریں۔