اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے کی جانے والی مبینہ بلااشتعال اور بزدلانہ فضائی کارروائی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اس حملے کو پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد مقامات پر جانی اور مالی نقصان ہوا۔ پاکستان نے واضح الفاظ میں بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اس قسم کی مہم جوئی خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب، ذرائع کے مطابق پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی فضائیہ کی جارحیت کا موثر جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی جنگی طیارے، جن میں 3 رافیل بھی شامل تھے، مار گرائے۔ اس کے علاوہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور کئی فوجی چیک پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ایل او سی کے چورا کمپلیکس پر بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کی۔