راولپنڈی ،اسلام آباد / لاہور:پاکستان کی دفاعی تاریخ کے ایک اور درخشاں باب، آپریشن بُنیانٌ مَرْصُوصٌ کو آج ایک سال مکمل ہو گیا۔ گزشتہ برس 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کی فضائی جارحیت کا وہ منہ توڑ جواب دیا تھا جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق 6 اور 7 مئی کی رات پاک فضائیہ اور بھارتی طیاروں کے درمیان فضا میں ایک طویل اور اعصاب شکن معرکہ برپا ہوا۔ بھارتی فضائیہ نے اپنے جدید ترین بیڑے کے زعم میں پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی، جسے پاک فضائیہ کے ریڈارز نے بروقت مٹر کر لیا۔
اس معرکے میں پاک فضائیہ کے فخر جے ایف-17 تھنڈر اور جے-10 سی (J-10C) نے اپنی کمال مہارت کا لوہا منوایا۔ شاہینوں نے بھارتی بیڑے کو ہر طرف سے گھیر لیا اور ایسی ضرب لگائی کہ دشمن کو سنبھلنے کا موقع نہ ملا۔اس آپریشن کے دوران پاک فضائیہ نے دشمن پر ایسی دھاک بٹھائی کہ مجموعی طور پر 7 بھارتی طیارے زمین بوس کر دیے۔
آپریشن بُنیانٌ مَرْصُوصٌ کے ان گہرے زخموں نے بھارت کی نام نہاد فضائی برتری کا جنازہ نکال دیا اور دشمن دوبارہ حملے کی جرات نہ کر سکا۔ اس بے مثال فتح کے ایک سال مکمل ہونے پر نیو نیوز کی جانب سے وطن کے ان نڈر محافظوں اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کو سرخ سلام پیش کیا جاتا ہے، جنہوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ دفاعِ وطن کے لیے قوم کا بچہ بچہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔