Get Alerts

ملک بھر میں جشنِ فتح کی دھوم: 'معرکہِ حق' کی پہلی سالگرہ پر فضا 'پاک فوج زندہ باد' کے نعروں سے گونج اٹھی

ملک بھر میں جشنِ فتح کی دھوم: 'معرکہِ حق' کی پہلی سالگرہ پر فضا 'پاک فوج زندہ باد' کے نعروں سے گونج اٹھی

لاہور، اسلام آباد :آپریشن ’بُنْیانٌ مَرْصُوْصٌ‘ اور معرکہِ حق میں بھارتی فضائیہ پر تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر آج پورے ملک میں جشن کا سماں ہے۔ شہر شہر ہونے والی پروقار تقریبات اور عوامی ریلیوں نے دشمن کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ پوری قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
لاہور کے تاریخی ٹاؤن ہال میں فتح کی خوشی میں ایک بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں رات کے بارہ بجتے ہی آسمان رنگ برنگی آتشبازی سے جگمگا اٹھا۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے اس موقع پر ’پاک فوج زندہ باد‘ اور ’پاکستان پائندہ باد‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
مظفر آباد میں معرکہِ حق کی مناسبت سے ایک خصوصی ثقافتی تقریب سجائی گئی۔ کشمیریوں نے اپنے روایتی انداز میں پاک فضائیہ اور پاک فوج کے بہادر سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دفاعِ وطن کے لیے وہ ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں معرکہِ حق کے شہدا اور غازیوں کی یاد میں خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں۔ مقررین نے 6 اور 7 مئی 2025 کے ہیروز کی جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کا غرور خاک میں ملا کر تاریخ رقم کی ہے۔
ہارون آباد اور مریدکے میں عوام کا سمندر سڑکوں پر نکل آیا۔ پاک فوج کے حق میں نکالی گئی ان ریلیوں میں شرکا نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور 7 بھارتی طیارے گرانے کے کارنامے درج تھے۔
ان تقریبات کا مقصد جہاں فتح کی خوشی منانا ہے، وہیں دنیا کو یہ بتانا بھی ہے کہ پاکستانی قوم اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتی۔ آپریشن ’بُنْيَانٌ مَرْصُوْصٌ‘ کی کامیابی کا جشن اس بات کی علامت ہے کہ دشمن کی ہر سازش عزم و ہمت کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوگی۔

ٹیگز: