اسلام آباد :سربراہِ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ ’معرکہِ حق‘ میں پاک فضائیہ کے برق رفتار اور جارحانہ جواب نے دشمن کو حیران کر دیا اور بھارت کا غرور ہماری توقع سے بھی پہلے خاک میں مل گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایئر ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جو پاک فضائیہ کے افسران کی بے مثال جرات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔
ایئر چیف نے انکشاف کیا کہ فضائی معرکے کے دوران پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کی جارحیت کو روکا بلکہ جارحانہ حکمتِ عملی اپناتے ہوئے بھارت کے اہم ترین فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ شاہینوں کی کارروائیوں سے بھارت کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو شدید نقصان پہنچا اور دشمن کے تمام کلیدی دفاعی مراکز پاک فضائیہ کے نشانے پر تھے۔
تقریب کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھارت کے خلاف جنگ میں غیر معمولی مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پاک فضائیہ کے افسران میں تمغے اور اعزازات تقسیم کیے۔ انہوں نے افسران و جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ اپنے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اب پہلے سے کہیں زیادہ تیار اور توانا ہے۔
ایئر ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ یہ تقریب جوش و جذبے سے بھرپور تھی، جہاں ملی نغموں کی گونج نے حاضرین کے لہو کو گرما دیا۔ ایئر چیف نے واضح کیا کہ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریوں کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ارضِ پاک کی فضائی سرحدوں کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جا سکے۔