کراچی :متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ’معرکہِ حق‘ میں پاکستان کی تاریخی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک افواج، حکومت اور عوام نے متحد ہو کر ثابت کر دیا ہے کہ ہمارا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے اپنے سے دس گنا بڑے دشمن کی جارحیت کا نہ صرف بھرپور مقابلہ کیا بلکہ اسے ایسی عبرتناک شکست دی جو تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا جس طرح منہ توڑ جواب دیا گیا، اس نے پوری دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا انجام کیا ہوگا۔
رہنما ایم کیو ایم نے پاکستانی عسکری نظام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس معرکے نے ثابت کیا کہ ہمارا دفاعی اور عسکری نظام دنیا کے بہترین نظاموں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب افواج، حکومت اور عوام ایک پیج پر ہوں تو کوئی بھی طاقت پاکستان کا بال بیکا نہیں کر سکتی۔