Get Alerts

اسرائیل سے تعلقات استوار، قازقستان نے ابراہم معاہدے میں شمولیت اختیار کرلی:ٹرمپ کا اعلان

اسرائیل سے تعلقات استوار، قازقستان نے ابراہم معاہدے میں شمولیت اختیار کرلی:ٹرمپ کا اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وسطی ایشیائی ملک قازقستان اب باضابطہ طور پر ابراہم معاہدے کا حصہ بن چکا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر سے وسطی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات کے دوران قازقستان کے صدر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اس پیشرفت کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ قدم دنیا میں امن، تعاون اور خوشحالی کی راہ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

امریکی صدر نے بتایا کہ قازقستان کے صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا ہے اور اس معاہدے کے ذریعے یہ امید کی جا رہی ہے کہ دیگر ممالک بھی اس کلب کا حصہ بن کر اسے مزید مستحکم کریں گے۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے غزہ میں انٹرنیشنل فورس کے جلد تعینات ہونے کا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ اگر حماس نے امن معاہدے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے قازقستان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک شاندار ملک ہے جس کی قوم باصلاحیت قیادت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قازقستان میری دوسری مدت صدارت میں ابراہم معاہدے میں شامل ہونے والا پہلا ملک ہے۔ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف نے اس موقع پر ٹرمپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 8 ماہ کے اندر 8 جنگوں کو روک کر عالمی امن کی کوششوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

یاد رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ ایک اور ملک ابراہم معاہدے میں شامل ہونے جا رہا ہے، تاہم انہوں نے اس ملک کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔ امریکی نیوز ویب سائٹس نے اس بات کا بھی دعویٰ کیا تھا کہ قازقستان کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات میں باضابطہ طور پر ابراہم معاہدے میں شمولیت کا اعلان کریں گے، جو اب حقیقت بن چکا ہے۔

ٹیگز: