ممبئی : بالی ووڈ کی معروف رقاصہ اور اداکارہ راکھی ساونت نے ایک شاکنگ اور متنازع دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان کے حقیقی والد ہیں۔ راکھی ساونت، جو ہمیشہ اپنے بے باک تبصروں، بولڈ ڈریسنگ اور متنازع بیانات کے لیے جانی جاتی ہیں، نے اس بات کا انکشاف اپنے حالیہ بیان میں کیا۔
راکھی ساونت نے کہا کہ ان کی والدہ کا حال ہی میں انتقال ہوا اور والدہ نے ان کے لیے ایک خط چھوڑا تھا۔ خط میں ان کی والدہ نے لکھا تھا کہ، "تم مجھ سے ہمیشہ پوچھتی تھی کہ تمہارا باپ کون ہے، تو تمہارے اصلی والد ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔" اداکارہ کے مطابق، والدہ کے انتقال کے بعد انہیں اس بات کا پتہ چلا کہ ان کے والد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔
اس دعوے کے بعد راکھی ساونت ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بن رہی ہیں، جہاں صارفین انہیں صرف خبروں میں آنے کے لیے ایسی باتیں کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔ یہ دعویٰ راکھی کے متنازع بیانات کا تازہ ترین اضافہ ہے، جس میں وہ کچھ عرصہ پہلے کہہ چکی تھیں کہ انہوں نے اسلام قبول کر کے اپنا نام تبدیل کر لیا ہے اور مختلف مواقع پر عمرہ بھی ادا کرتی دکھائی دی تھیں۔
راکھی ساونت کے اس دعوے پر سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل آ رہے ہیں، کچھ صارفین ان کی باتوں کو محض توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ اس پر مزاحیہ تبصرے کر رہے ہیں۔