Get Alerts

انسٹاگرام کا میپ فیچر پاکستان میں متعارف، مقامی کاروباروں اور صارفین کے لیے نئی سہولت

انسٹاگرام کا میپ فیچر پاکستان میں متعارف، مقامی کاروباروں اور صارفین کے لیے نئی سہولت

لاہور :  انسٹاگرام نے پاکستان میں اپنا نیا میپ فیچر باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب مقبول ریسٹورینٹس، کیفے، تفریحی مقامات اور دیگر مقامی کاروباری اداروں کو فوٹو شیئرنگ ایپ کے اندر ہی تلاش کر سکیں گے۔

یہ فیچر ابتدائی طور پر چند ممالک میں رواں سال اگست میں متعارف کرایا گیا تھا، تاہم اب اسے پاکستان سمیت دیگر خطوں میں بھی دستیاب کر دیا گیا ہے۔

انسٹاگرام کے مطابق یہ میپ فیچر صارفین کو اپنے دوستوں کے ساتھ منسلک رہنے، مقامات دریافت کرنے اور مقامی کاروباروں کو سپورٹ کرنے کا ایک نیا ذریعہ فراہم کرتا ہے۔

اہم خصوصیات 
صارفین قریبی مقامات کو دریافت کر سکیں گے جنہیں پوسٹس یا اسٹوریز میں ٹیگ کیا گیا ہو۔
کسی بھی مقام کو محفوظ کیا جا سکتا ہے یا دوستوں کے ساتھ شیئر کیا جا سکتا ہے تاکہ مستقبل میں وہاں جانا آسان ہو۔
صارفین اس بات کا تعین کر سکتے ہیں کہ کون ان کی لوکیشن دیکھ سکتا ہے۔
انسٹاگرام نے اس فیچر میں پرائیویسی کے لیے خصوصی اقدامات بھی متعارف کرائے ہیں۔ اگر لوکیشن شیئرنگ فعال (آن) ہو تو ایپ ہر بار کھولنے پر صارف کی لوکیشن اپ ڈیٹ کرے گی، اور اگر 24 گھنٹے تک ایپ استعمال نہ کی جائے تو لوکیشن خودکار طور پر ڈیلیٹ ہو جائے گی۔

ایپ میں مختلف انڈیکیٹرز کے ذریعے صارفین کو لوکیشن شیئرنگ کی حیثیت سے آگاہ رکھا جائے گا:

بلیو ایرو: لوکیشن شیئرنگ فعال ہے۔
سرخ ڈاٹ: لوکیشن شیئرنگ بند ہے۔
اورنج ٹرائی اینگل: لوکیشن پرمیشن کی ضرورت ہے۔
انسٹاگرام نے اس فیچر میں ایک نیا پریویو آپشن بھی شامل کیا ہے، جس کے تحت صارفین اپنی پوسٹ، اسٹوری یا رِیل کو پبلش کرنے سے قبل یہ دیکھ سکتے ہیں کہ وہ انسٹاگرام میپ پر کیسی نظر آئے گی۔

یہ فیچر نہ صرف عام صارفین کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ مقامی کاروباری اداروں کے لیے بھی ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے، کیونکہ اب وہ زیادہ آسانی سے صارفین کی نظروں میں آ سکیں گے۔مزید معلومات یا فیچر استعمال کرنے کے طریقہ کار کے لیے انسٹاگرام کی آفیشل ویب سائٹ یا ایپ کی مدد سے رہنمائی لی جا سکتی ہے۔

ٹیگز: