Get Alerts

سندھ میں ٹائر جلانے والے پلانٹس پر مکمل پابندی عائد

سندھ میں ٹائر جلانے والے پلانٹس پر مکمل پابندی عائد

کراچی: سندھ حکومت نے ماحولیاتی آلودگی اور انسانی صحت پر مضر اثرات کے باعث صوبے بھر میں ٹائر جلانے والے تمام پلانٹس کے آپریشن پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے کئی اہم فیصلے کیے گئے، جن میں ٹائر جلانے کے عمل، سب سٹینڈرڈ فیولز، اور غیر محفوظ ایندھن کی تیاری و فروخت پر مکمل پابندی شامل ہے۔

سیکرٹری ماحولیات زبیر چنہ نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹائر جلانے سے فضا، مٹی اور پانی بری طرح آلودہ ہو رہے ہیں، اور اس سے سانس، دل اور اعصابی بیماریوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ایسے تمام پلانٹس کو بند کرنے کا فیصلہ ناگزیر ہو چکا تھا۔

زبیر چنہ نے مزید بتایا کہ "سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی رولز" کے نام سے نئے قواعد کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت تمام صنعتی پلانٹس کے لیے لائسنسنگ، ماحولیاتی کنٹرول سسٹم کی تنصیب، اور آلودگی کے اخراج کی حد کا تعین لازم قرار دیا گیا ہے۔

مزید برآں، خلاف ورزی کرنے والے پلانٹس کی ضبطی، جرمانہ اور بندش کی سزائیں بھی تجویز کی گئی ہیں تاکہ قانون پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

ٹیگز: