افغانستان میں پاکستان مخالف بھارتی پروپیگنڈا، خود میڈیا نے فیک نیوز کا پول کھول دیا

Indian propaganda, Pakistan, Afghanistan, media, fake news

اسلام آباد: بھارتی میڈیا ایک بار پھر دنیا میں بھارت کی جگ ہنسائی کا سبب بن گیا ۔ خود بھارتی اخبار نے مودی سرکار کی سرپرستی میں پاکستان مخالف جھوٹی خبروں کا بھانڈا پھوڑ دیا ۔

بھارتی اخبار نے اپنی رپورٹ میں اعتراف کیا کہ پاکستان نے افغانستان میں کوئی کارروائی نہیں کی ، بلکہ بھارتی میڈیا نے ویڈیو گیم مناظر اور پرانی تصاویر کو ملا کر فیک نیوز چلائی ۔

بھارتی اخبار دی پرنٹ کی رپورٹ کے مطابق ، دی ہستی نامی بھارتی ٹی وی چینل نے پنجشیر میں آرما 3 ویڈیو گیم کے مناظر اور 2018 میں امریکی جیٹ طیارے کی تصویر استعمال کر کے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ۔ جھوٹی خبر بنائی اور ٹی وی اسکرین پر بھی چلائی ۔

دی پرنٹ نے اعتراف کیا کہ نہ تو پاکستان نے پنجشیر میں کوئی فضائی کارروائی کی اور نہ ہی افغان صوبے میں پاکستان کی طرف سے کوئی دراندازی کی گئی ۔

بھارتی اخبار کا مزید کہنا تھا کہ ایک چینل پر خبر چلنے کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے تمام بھارتی میڈیا نے فیک نیوز کو بغیر تصدیق کے چلانا شروع کر دیا اور ساتھ ہی ساتھ اس خبر کو سب سے پہلے نشر کرنے کے بھی جھوٹے دعوے کیے ۔

پاکستانی قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے اپنی ٹویٹ میں بھارتی حکومت کی سرپرستی میں بھارتی میڈیا پر چلتی جھوٹی خبروں کی نشاندہی کی ، انہوں نے بھارتی فیک نیوز کے حوالے سے بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے لِنک بھی شیئر کر دیے ۔