Get Alerts

پی ٹی آئی کا بڑا اقدام: وزیراعلیٰ گلگت سمیت 11 منحرف ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کردی

پی ٹی آئی کا بڑا اقدام: وزیراعلیٰ گلگت سمیت 11 منحرف ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کردی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گلگت بلتستان میں پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر بڑا قدم اٹھاتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سمیت 13 منحرف ارکان اسمبلی کو پارٹی سے فارغ کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کی جانب سے جاری کیے گئے باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق فارغ کیے گئے ارکان پر پارٹی سے سنگین غداری، فارورڈ بلاک بنانے اور پارٹی ہدایات کے خلاف ووٹنگ کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

پارٹی سے نکالے گئے ارکان کی فہرست میں وزیراعلیٰ گلبر خان کے علاوہ شمس الحق لون، راجہ اعظم، عبدالحمید، سید امجد زیدی، حاجی شاہ بیگ، ثریا زمان، راجہ ناصر علی خان، مشتاق احمد، دلشاد بانو اور فضل رحیم شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ افراد کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی ہے اور انہیں پارٹی کا نام، جھنڈا یا کوئی بھی عہدہ استعمال کرنے سے سختی سے روک دیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی بھی تنبیہ کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں، سابق گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل منحرف ارکان اسمبلی فتح اللہ اور جاوید علی منوا کو پہلے ہی پارٹی سے نکالا جا چکا ہے۔

ٹیگز: