اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلسل موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کی لپیٹ میں ہے، حالانکہ پاکستان کا ماحول دشمن گیسوں کے اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اثرات سے نمٹنے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر ایک مؤثر حکمت عملی اور خطرے سے دوچار علاقوں کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات حالیہ قدرتی آفات اور جلالپور پیروالا میں ریسکیو کشتی الٹنے کے افسوسناک واقعے کے تناظر میں کہی، جس میں 5 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ وزیراعظم نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کی کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے، جبکہ نقل مکانی کرنے والے افراد کی بروقت اور بھرپور امداد کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ روابط اور تعاون کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مربوط کارروائی ممکن ہو۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اطلاعات، مضبوط اور پائیدار انفراسٹرکچر، اور ریسکیو و امداد کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس چیلنج کا سامنا قومی ذمہ داری کے طور پر کر رہی ہے۔