Get Alerts

یو اے ای میں اونٹ دوڑ صحرائی ثقافت اور قومی ورثے کی نمایاں علامت

یو اے ای میں اونٹ دوڑ صحرائی ثقافت اور قومی ورثے کی نمایاں علامت

دبئی: متحدہ عرب امارات میں اونٹ دوڑ کو صرف ایک کھیل کے طور پر نہیں دیکھا جاتا بلکہ یہ ملک کی ثقافتی شناخت اور صحرائی زندگی کی روایات کا اہم حصہ ہے۔ یہ قدیم روایت نئی نسل کو اپنے آباؤ اجداد کے طرزِ زندگی، اقدار اور ثقافتی ورثے سے جوڑنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اماراتی معاشرے میں اونٹوں کو صدیوں سے خصوصی اہمیت حاصل رہی ہے، جبکہ اونٹ دوڑ کو صبر، حوصلے، عزم، سخاوت اور وطن سے وابستگی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

وقت کے ساتھ متحدہ عرب امارات نے اس روایتی کھیل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے جدید ریسنگ ٹریکس، خصوصی مراکز، ویٹرنری سہولیات اور منظم ادارہ جاتی نظام قائم کیے ہیں۔ دبئی میں المرموم اور ابوظبی میں الوثبہ اونٹ دوڑ کے اہم مراکز شمار ہوتے ہیں، جہاں بڑے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔

اونٹ دوڑ نے ملکی حدود سے نکل کر عالمی سطح پر بھی توجہ حاصل کی ہے۔ امارات کے ثقافتی ورثے سے وابستہ متعدد روایات، جن میں اونٹ دوڑ بھی شامل ہے، یونیسکو کے غیر مادی ثقافتی ورثے سے متعلق فہرستوں میں جگہ بنا چکی ہیں۔

متحدہ عرب امارات اب جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کو بھی اس قدیم روایت کے تحفظ اور اسے عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بروئے کار لانے کے امکانات تلاش کر رہا ہے۔

ٹیگز: